حکمرانوں کی تعصب و انتقامی سیاست سے قومی سلامتی خطرہ میں پڑگئی، آفتاب شیرپائو

October 17, 2021

پشاور(نمائندہ خصوصی)قومی وطن پارٹی کے قائد سینئر سیاستدان اور پی ڈی ایم کے مرکزی سینئر نائب صدر آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی تعصب و انتقامی سیاست سے قومی سلامتی خطرہ میں پڑ گئی، پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل فیڈریشن ہے ،مرکزنہیں چاروں صوبوں کو مضبوط بنا کر ہی فیڈریشن کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے،دھاندلی سے مسلط ہونے والے حکمران بری طرح ناکام ہو چکے ہیں جوبائیڈن وزیراعظم کو ٹیلی فون نہیں کرتے جبکہ بھارتی وزیراعظم پاکستان کے وزیراعظم کا ٹیلی فون نہیں اٹھاتے ، دھاندلی سے مسلط ہونے والے حکمران عوام کی حمایت سے محروم ہونے پر الیکٹرانک مشین سے ووٹنگ کروانے اور ڈیجیٹل دھاندلی سے پھر قوم پر مسلط ہونا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ خواہش کبھی بھی پوری نہیں ہو گی نااہل حکمرانوں سے چھٹکارے، ملک کو مزید تباہی سے بچانے، مہنگائی سے نجات ، جمہوریت کے استحکام اور آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے پی ڈی ایم عوام کی امیدوں کا محور بن گئی ہے اور عوام نے پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے ۔آفتاب احمد خان شیرپائو نے وطن کور پشاور میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران صوبوں کے حقوق چھیننے پر تلے ہوئے ہیں صوبوں سے ناانصافی بڑھتی جا رہی ہے ، صوبوں کے حقوق غصب کرنے کے لئے اٹھارہویں ترمیم کے خاتمے وفاقی پارلیمانی نظام کا بوریا بستر گول کرنے اور صدارتی نظام مسلط کرنے کے شوشے چھوڑے جا رہے ہیں قومی وطن پارٹی عوام کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑے گی مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف احتجاج جاری رہے گا ۔آفتاب احمد خان شیرپائو نے وزیراعظم کی طرف سے دہشت گردی کو پختونوں سے جوڑنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پختون دہشت گرد نہیں امن پسند ہیں پختونوں کی طرف سے امن کے لئے ہزاروں جانوں کی قربانی دی گئی لاکھوں پختون بے گھر ہوئے ہزاروں گھر تباہ ہوئے چالیس سال سے زائد عرصہ تک پختونوں کا خطہ دہشت گردی کی لپیٹ میں رہنے سے تباہی سے دو چار ہو چکا ہے خیبر پختونخوا میں غربت و بے روزگاری بڑھتی جارہی ہے پختونوں کی قربانیوں کا اعتراف کر کے غربت و بے روزگاری ختم کرنے کی بجائے خیبر پختونخوا کو اس کے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔