صدرنے گرین پریذیڈنسی اقدام کے حصول کی ڈاکومنٹری شیئر کردی

October 17, 2021

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گذشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں ایوان صدر میں گرین پریذیڈنسی اقدام کے حصول کی ڈاکومنٹری شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ ایوان صدر دنیا کی پہلی پریذیڈنسی ہے جو مکمل طور پر گرین انرجی پر انحصار کرتی ہے اور اس کو آئی ایس او 50001 ای این ایم ایس کا عالمی سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے، صدر مملکت نے ایوان صدر کی ڈاکومنٹری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گرین پریذیڈنسی کے اقدامات ڈاکومنٹری میں ملاحظہ کیا جا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے سال 2019-21میں ایوان صدر میں توانائی کی 35فیصد بچت ہوئی ہے اور 2022تک توانائی کی 50فیصد بچت کا تخمینہ ہے، گرین پریذیڈنسی اقدامات کے تحت شمسی توانائی سے استفادہ اور بجلی کی بچت 31لاکھ 54ہزار750 کے ڈبلیو ایچ ہے، جس کی مالیت 72.5ملین روپے ہے، ایوان صدر میں ایک لاکھ 42ہزار 909درخت بھی لگائے گئے ہیں۔