دوسروں کے عقائد و نظریات کا مذاق اڑانا مناسب نہیں: طاہر اشرفی

October 17, 2021

وزیرِ اعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرقِ وسطیٰ اور چیئرمین علماء کونسل پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ دوسروں کے عقائد اور نظریات کا مذاق اڑانا مناسب نہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ذکر اذکار کی محافل منعقد کرنا ہر شخص کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذکر و اذکار کی محافل برکت کا باعث ہوتی ہیں، کیا ماضی میں وزیرِاعظم ہاؤس یا گھروں میں ذکر کی محافل نہیں ہوتی رہیں؟

حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں عشرۂ رحمت اللعالمین کی تقریبات جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شریعتِ محمدی خواتین و اقلیتوں کے حقوق کی نگہبانی کا درس دیتی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کا اصل نظام شریعتِ محمدی ہے، عصرِ حاضر کے مسائل کا حل بھی اسی نظام سے ممکن ہے۔