صوبے میں مساجد و مدارس کی تعمیر نو و بہتری کیلئے پانچ سو ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، معاون خصوصی وزیراعلی

October 18, 2021

پشاور ( جنگ نیوز )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے حج ، اوقاف و مذہبی امور محمد ظہور شاکر نے کہا ہے کہ اسوہ حسنہؐ کی پیروی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے، عشرہ رحمت اللعالمین کی تقریبات کے انعقاد میں حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، دینی مدارس کے طلباء کو رحمت اللعالمین سکالر شپ کیلئے 75کروڑ روپے محتص کئے گئے ہیں جبکہ صوبے میں مساجد و مدارس کی تعمیر نو و بہتری کیلئے پانچ سو ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔یہ باتیں انہوں نے ضلع ہنگو میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ حضورؐ کی ذات سے وفاداری ہر مسلمان کا جذو ایمان ہے، اسوہ حسنہ پر عمل کرنے سے مصائب و تکالیف ٹلتے ہیں اور ظلم و بد امنی سے نجات ملتی ہے نبی آخر الزمانؐ سے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم آپؐ کی سیرت و کردار کو مشعل راہ بنائیں۔ ہمارا ایمان ہے کہ رحمت اللعالمینؐ کی یاد سے مومنوں کے ایمان کو تازگی ملتی ہے اسلئے عشرہ رحمت اللعالمینؐ کو عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کی بھر پور کوشش کریں کیونکہ آج ہمارا معاشرہ جن حالات سے دو چار ہے اس میں ضروری ہے کہ نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ کو نمونہ و مشعل حیات قرار دیا جائے۔