• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امجد صابری کے گھر تعزیت کیلئے آنے والوں کا تانتا

People Visiting Home Of Amjad Sabri For Condolence
سیاست دانوں کی جانب سے معروف قوال امجد صابری کے قتل کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے ،وفاقی وزیر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ امجدصابری کے قاتل فوری گرفتار کیے جائیں، مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہناہے کہ امجد صابری امن اور پیار کا سفیر تھا۔

کراچی میں امجد صابری کے گھرتعزیت کےلیے سیاسی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے لیاقت آباد چار نمبر کی تمام دکانیں بند کرادی گئی ہیں ۔

لیاقت آباد میں میں شہید امجد صابری کی رہائش گاہ پر تعزیت کیلئے آنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے، وفاقی وزیر خوراک حاصل بزنجو، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا اور پیپلز پارٹی کوآرڈینیشن کمیٹی کے ارکان بھی شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے امجد صابری کی رہائش گاہ پہنچے۔

کمیٹی میں سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو،نفیسہ شاہ، مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو اور رشید ربانی شامل تھے، اس موقع پر مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی اور مغفرت کی دعا کی گئی۔

میڈیا سے گفتگو میں حاصل بزنجو نے کہا کہ وزیر اعظم نے تمام اداروں کو امجد صابری کےقتل میں ملوث قاتلوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول اور امجد صابری کا قصورصرف پیاربانٹنا تھا، اس موقع پر فخرعالم کا نام سن کر شہلا رضا نے لا علمی کا اظہار کیا بعد میں انہوں نے کہا کہ کون فخر عالم؟وہ جنرل رانی کے نواسے؟

نثار کھوڑونے کہا کہ امجدصابری کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، حکومت سارے معاملات دیکھ رہی ہے۔

مولا بخش چانڈیو کاکہناتھا کہ دہشت گرد کا کام ہوتاہے بے چینی پیدا کرنا اورحکومت کی ذمہ داری ہے ایسے واقعات پرقابو پانا۔

وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کی جانب سے امجد صابری کے اہل خانہ کو قاتلوں کو جلد پکڑنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
تازہ ترین