• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امجد صابری کے قاتلوں کے قریب پہنچ چکے، آئی جی سندھ

Ig Sindh Says That Amjad Sabri Murderers Are Not Far Away They Are Near To Be Captured
آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس امجد صابری کے قاتلوں کے قریب پہنچ گئی ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس شاہ کو اغوا کاروں نے کراچی میں ہی رکھا ہے۔

وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلی سندھ نے کورآفس میں فوجی حکام کے ساتھ اجلاس سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں امجد صابری قتل کیس اور اویس شاہ اغواء کیس سے متعلق آئی جی سندھ نے بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا امجد صابری کے قاتلوں کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ یقین ہے کہ بیرسٹر اویس شاہ کو اغوا کاروں نے کراچی میں ہی رکھا ہوا ہے،اغوا کار اویس شاہ کا موبائل کھول کر تفتیشی حکام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرر ہے ہیں۔

اجلاس میں کابینہ نے آئی سندھ کو ہدایت کی کہ سی سی ٹی وی کیمروں کو 12 میگا پکسل پر لے آئیں۔جہاں ضروری ہو سی سی ٹی وی کیمرے لگا ئے جائیں۔ اجلاس میں سیکیورٹی اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید بہتر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے بتایا کہ آئی جی سندھ نے امجد صابری قتل کیس اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹےکے اغواء سے متعلق اطمینان بخش بریفنگ دی ہے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا اویس شاہ اور امجد صابری کے کیسز سے مایوسی اور بے چینی پھیلی۔ان واقعات کے دوبارہ ہونے کا راستہ روکیں گے۔
تازہ ترین