پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک میں ایک نفرت کی سیاست کو فروغ دیا گیا، ہمیں پنجاب سمیت پورے پاکستان میں سیاسی ورکر کو عزت دینا ہے۔
لاہور میں گورنر پنجاب کی تقریب حلف برداری کے بعد پی پی پی رہنماؤں، کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب میں پنجاب بھر کے جیالوں کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، بہت عرصے بعد پنجاب کے سب سے بڑے عہدے پر کسی جیالے کا بیٹھنا بہت اچھا لگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ ملک کیلئے بھی بہت ضروری ہے کہ پی پی پی وہ اسپیس واپس لے جو سیاسی کارکن کی اسپیس ہے، دنیا میں بڑے بڑے انقلاب اور تبدیلیاں سیاسی ورکرز لے کر آئے ہیں، سیاسی کارکن کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ محنت سے وہ بڑا عہدہ بھی سنبھال سکتے ہیں، آپ پی پی پی کے کارکن ہیں تو عوامی گورنر بنیں گے، اس صوبے کے عوام کی نمائندگی کریں گے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ بیوروکریسی، پولیس یا انتظامیہ کو پتہ ہوگا کہ اگر کسی جیالے سے زیادتی ہوگی تو گورنر سردار سلیم انہیں انصاف دلوائیں گے، صوبے کے عوام، وکلاء یا کسان کے مسائل سننے کیلئے عوامی گورنر بیٹھا ہوگا، غریبوں، مزدوروں، کسانوں کی آواز بنیں، آنے والے الیکشن میں یہی عوام آپ کا ساتھ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بارے میں تاثر پیدا کیا جاتا ہے کہ پنجاب سے ان کا فوکس ہٹ گیا ہے، پنجاب کو دوبارہ منظم کررہے ہیں نوجوانوں اور خواتین کو آگے لے کر آئیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی کا پورا سفر جمہوریت کو طاقتور بنانے کے لیے رہا ہے، آج بھی ہم اسی طریقے سے سیاست کریں گے۔