• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:4مبینہ دہشتگرد اور اغوا کار گروہ گرفتار

Karachi Four Alleged Terrorists And Group Of Kidnappers Arrested
کراچی میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، جبکہ ایک اور کارروائی میں پولیس نے تاوان کے لیے نوجوان کو اغوا کرنے والا گروہ بھی گرفتار کیا ہے۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ سی ٹی ڈی کی کارروائی میں چار مبینہ دہشت گرد گرفتار ہوئے ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان سیکیورٹی فورسز سے مقابلوں اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں، جبکہ وہ ٹارگٹ کلرز کی مدد بھی کرتے تھے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے نام حافظ نور، زکریا، مظفر عاشق اور معیز ہیں، جنہیں کورنگی بلال کالونی اور اورنگی ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے 6خود کش جیکٹس، 4دستی بم، تین 30 بورپستول، موبائل فونزاورنقدی برآمد ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے افغانستان سے تربیت لی تھی، حافظ نور نے 50 سے زائد خود کش جیکٹس تیار کیں، ان کے 2ساتھی مفرور اور ایک جیل میں ہے۔

ایک اور کارروائی میں پولیس نے کراچی کے علاقے گلشن معمار سے نوجوان کو تاوان کے لیے اغوا کرنے والے چار رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا، گروہ میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے شیریں جناح کالونی سے اغوا کیے گئے نوجوان طیب کی بازیابی کے لیے پانچ لاکھ روپے تاوان مانگا تھا۔
تازہ ترین