راجہ زاہد اختر خانزادہ...... میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی ہیوسٹن جڑواں شہروں کی تنظیم کی جانب سے کراچی کے عوامی کی فلاح و بہبود کیلئے اب تک جو اقدامات کئے گئے ہیں وہ ان کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور مستقبل میں بھی بحیثیت میئر وہ جڑواں شہروں کی تنظیم کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔
ہیوسٹن سسٹر سٹی کی جانب سے دیئے گئے عشایئے کے موقع پر میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی اداروں کو حکومت کی جانب سے اختیارات کی دینے سے متعلق عوامی نمائندے اب تک انتظار میں ہیں تاہم ہم امید کرتے ہیں کہ2016 کی نسبت2017 بہتر سال ہوگا۔ان کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہو گی کہ کراچی ترقی کرےاور معاشی طور پر مستحکم ہوتاکہ عوام کو صحت و صفائی،نقل وحمل اور دیگربنیادی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایا جاسکے۔
اس موقع پرہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہو ئے کہا کہ میں ہیوسٹن سسٹر سٹی تنظیم پوری طرح سے متحرک ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انٹرنیشنل سٹی کی جانب سے واشنگٹن میں اس تنظیم کی اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پردو مرتبہ انٹرنیشنل ایوارڈ بھی دیا جا چکا ہے۔سعید شیخ نےکہا ہیوسٹن سٹی کی جانب سے13دسمبر2016کو ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کادن قرار دیا گیا ہے ، جبکہ تنظیم کی جانب سے ڈیڑھ لاکھ ڈالرز کی مالیت کا ایک کنٹینر کراچی کے عوام کے لئے بھیجا جا ئے گا جس میںمیڈکل کے آلات اور اس سے متعلق دیگراشیاء ہوں گی جو عوامی اسپتالوں میں استعمال کی جائیں گی۔
سعید شیخ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی اور ہیوسٹن کے تاجروں کے مابین مزید روابط استوار کئے جائیں گےاور وفود کا تبادلہ کیا جائے گا،کیوں کہ میئر ہیوسٹن سیلوسٹرٹرنرکی خواہش ہے کہ میئر کراچی آئندہ دورے پر کراچی کے تاجروں کو اپنے ہمراہ لائیں۔
اس سے قبل ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے نائب صدر محمد ظہیر نے میئر کراچی وسیم اختر کا تعارف کرایا،اس موقع پرسسٹر سٹی کے دیگر عہدیدار جن میں جنرل سیکریٹری عمر خواجہ،اعظم اختر،مطلوب خان،سعید منیراظفر،ڈیوڈگوڈون نے میئر کراچی کا استقبال کیا اور وومن کانگریس شیلا جیکسن اور میئر ہیوسٹن سیلوسٹر ٹرنر کی جانب سے وسیم اختر کو تہنیتی سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔
تقریب کا اہتمام چھٹیوں کے باوجود24گھنٹوں کے نوٹس پر کیاگیا تھا لیکن لوگوں کی بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کی۔واضح رہے کہ میئر کراچی ہیوسٹن میں اپنے بہنوئی کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے امریکا پہنچے تھے۔تقریب کے اختتام پر پر تکلف عشایئے کا اہتمام بھی کیا گیا۔