• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما اسکینڈل میں شامل سب کا احتساب ہونا چاہئے،سراج الحق

All Should Be Accountable In Panama Scandal Siraj Ul Haq
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن نےعوام کوسوبارسبز باغ دکھائے، دونوں جماعتوں نے ہمیشہ جھوٹ بولا اور دھوکا کیا۔

منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مارشل لاکےبعد نام نہادجمہوری نظام میں بھی چندخاندان نظرآتےہیں ، پاناما اسکینڈل میں آنےوالے تمام ناموں کا احتساب ہونا چاہیے ۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قائداعظم کی رحلت کے بعد ان لوگوں نے پاکستان پر قبضہ کیا جو ایسٹ انڈیا کمپنی کے غلام تھے، عوام نے خوشحال پاکستان کی خاطر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کو ووٹ دیا،ملک کے غریب لوگ جرم ضعیفی کے شکار ہو گئے ہیں، اس لیے ان کے خون کی کوئی قیمت نہیں ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ان تمام پارٹیوں نے سب سے زیادہ دھوکا مزدوروں اور کسانوں کو دیا ہے، تمام چوروں کا احتساب ہونا چاہیے جن کے نام پاناما اسکینڈل میں ہیں،احتساب کا یہ عمل غریب نہیں بڑوں سے شروع ہو تب کامیاب ہو گا، ان مغل شہزادوں اور بادشاہوں کے گرد طواف کرنے کی بجائے غریب کو متحد کرنیکی ضرورت ہے، ان مغل بادشاہوں، شہزادوں اور کرپٹ مافیا کے خلاف اٹھنے کا وقت آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دوسری سیاسی جماعتوں کی طرح روایتی جماعت نہیں، یہ ایک نظریاتی اور انقلابی جماعت ہے، یہ جماعت کسی ظالم وڈیرے یا نواب کے لیے نہیں بنی، جماعت اسلامی مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں، طلبا کی جماعت ہے، ہمارے اور آپ کے تمام مسائل کا حل اس ملک میں اسلامی انقلاب ہے، انقلاب کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے، اندھیری رات ختم ہونے والی ہے۔
تازہ ترین