کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں آفس کے اندر فائرنگ کا واقعہ رشتے میں ناکامی کا نتیجہ نکلا۔ خودکشی کرنے والے نوجوان نے قتل کی گئی لڑکی کے گھر رشتہ بھیجا تھا لیکن لڑکی کے اہل خانہ نے انکار کردیا۔ ناکامی پر لڑکی کو قتل کرکے لڑکے نے خود کشی کرلی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ برہان اور فضا شپنگ کمپنی میں ملازمت کرتے تھے جہاں برہان فضا کو پسند کرنے لگا اور اس نے فضا کے گھر اپنے اہل خانہ کو رشتے کےلیے بھیجا۔
فضا کے گھر والوں نے انکار کردیا جس پر برہان دلبرداشتہ ہوگیا لیکن اس کے بعد بھی اس نے فضا سے بات چیت جاری رکھی اور اسے اپنے اہل خانہ کو منانے کا کہتا رہتا۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ منگل کو برہان نے آفس سے کچھ دیر کی چھٹی لی اور کورنگی گیا جہاں سے واپسی پر وہ پسٹل اپنے ساتھ لایا اور دفتر میں داخل ہونے کے بعد میز نائن فلور پر فضا پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی جس کے بعد گراؤنڈ فلور پر جا کر اس نے خودکشی کرلی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کے موبائل فون لاک ہیں اور انہیں کھولنے کےلیے سافٹ ویئر ماہر کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ دونوں کے کال ڈیٹا ریکارڈز چیک کیے گئے ہیں ان میں دونوں کے درمیان کانٹیکٹ نہیں ملے۔ ممکنہ طور پر دونوں کسی دوسری ایپلی کیشن کے ذریعے رابطے میں تھے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔