کراچی پورٹ پر جہاز سے گندم اتارنے کا عمل روک دیا گیا، وفاقی حکومت نے گندم امپورٹ کی آخری تاریخ 31 مارچ مقرر کی تھی۔
شپنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ پورٹ پر طویل قطار اور چھٹیوں کے سبب جہازوں کے برتھ پر آنے میں وقت لگا، یہ آخری جہاز تھا جس کی 22 ہزار ٹن گندم رہ گئی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر گندم اسکینڈل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ گندم درآمد کرنے کی کھلی چھوٹ کس نے دی؟ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے وزیر اعظم آفس کو بریفنگ دے دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بریفنگ میں بتایا گیا منظم منصوبے کے تحت اضافی گندم درآمد ہوئی جس سے 300 ارب روپے سے زائد نقصان ہوا۔
ذرائع کے مطابق وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نگراں دور میں گندم کے ٹریڈرز کو کسٹم ڈیوٹی اور جی ایس ٹی میں چھوٹ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ نگران وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت فوڈ سیکیورٹی نے سمری ارسال کی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے وزارت تجارت اور ٹی سی پی کی تجاویز کو نظرانداز کیا، منظم منصوبے کے تحت اضافی گندم درآمد ہوئی جس سے 300 ارب روپے سے زائد نقصان ہوا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ پاسکو اور صوبائی محکمے مطلوبہ ہدف 7.80 کی بجائے 5.87 ملین ٹن گندم خرید سکے، گزشتہ سال 28.18 ملین ٹن گندم پیدا ہوئی۔ 2.45 ملین ٹن درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔