• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکایت بلاوجہ، شہباز شریف بچارے کی حکومت ہی کب ہے؟ فضل الرحمان


جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ شہباز شریف بیچارے کی حکومت ہی کب ہے؟ یہاں اُن سے بلاوجہ شکایت کی گئی۔

لاہور میں فلسطین کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کیپٹن (ر) محمد صفدر کی تقریر پر تبصرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی تقریر سے پتہ نہیں چلا کہ وہ ہمیں ڈانٹ رہے تھے یا اپنے سسرالیوں کو؟

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ یہاں بلاوجہ شہباز شریف کی شکایت کی گئی اس بیچارے کی حکومت ہی کب ہے؟

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اُن کی بات کی جائے جن کی حکومت ہے اور اب اُن کی بات کرنی پڑے گی۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ فلسطین کیخلاف جنگی جرائم میں امریکا اور برطانیہ بھی ملوث ہیں، واشنگٹن تو خود انسانی حقوق کا سب سے بڑا مجرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس فلسطین کے معاملے پر عجیب عجیب سوالات لوگوں کے ذہنوں میں ڈالے جاتے ہیں، تاریخ فلسطین کے خطے کی تو گواہ ہے، اسرائیلی خطے کی گواہ نہیں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، فلسطینی عوام اور قیادت نے اسرائیلی ریاست کو قبول نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا حدود اربعہ ہی معلوم نہیں، اسے تسلیم کیسے کیا جا سکتا ہے؟ پوچھتے ہیں کہ آج اقوام متحدہ اور فلسطین سے متعلق قراردادیں کہاں ہیں؟

فضل الرحمان نے کہا کہ فلسطین پر حقائق سے توجہ ہٹائی جاتی ہے، حماس حق پر ہے اور ہم فلسطین کے ساتھ ہیں اور شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں فلاں نے اسرائیل کو تسلیم کر لیا، پاکستان بھی کر لے۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ ایک صدی تک اسرائیلی ریاست کا کوئی وجود نہیں تھا، فلسطینی ریاست کا وجود تھا۔

قومی خبریں سے مزید