• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے آئی ٹی نےآج اسحاق ڈار کو بھی طلب کرلیا

Panama Jit Summons Ishaq Dar

پاناما کیس کی جے آئی ٹی نے آج وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی طلب کرلیا ہے،انہیں سہ پہر 3بجے بلایا گیا ہے۔

وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کو پہلےہی آج طلب کیا جاچکا ہے ،منگل کو حسین نواز جبکہ بدھ کے روز مریم نواز پیش ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کو طلبی کا یہ تیسرا نوٹس جاری کیا گیا ،اس قبل وہ 2مرتبہ طلب کئے گئے تھے،انہوں نے دو نوں ہی بار پیشہ وارانہ مصروفیات کا عذر پیش کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ آج ایف بی آر حکام سے مل کر جے آئی ٹی کے ممکنہ سوالات کی تیاری کریں گےاوراس حوالے سے ایف بی آر افسران کو صبح جلد دفتر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے،اسحاق ڈار نے تمام ریکارڈ کی کاپیاں بھی حاصل کرلیں ۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کا 2003ء سے 2006ء تک کا ایف بی آر میں ٹیکس ریٹرنز کا ریکارڈ مسنگ ہے،اب جن سالوں کا ریکارڈ نہیں ہے اس کے حوالے جواب دینے کا فیصلہ وہ خود کریں گے۔

وزیراعظم کے بیٹے حسن نواز آج پاناما کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے، منگل کو حسین نواز چھٹی بار اور بدھ کو مریم نواز پہلی مرتبہ پیش ہوں گی۔

لندن فلیٹس اور آف شور کمپنیوں کی منی ٹریل جاننے کےلیے سپریم کورٹ کے حکم پر قائم جے آئی ٹی نے وزیر اعظم کے تینوں بچوں کو طلبی کے نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 3 دن تک سیکورٹی بڑھانے کے علاوہ، فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف مزید رستے سیل کیے جائیں گے۔

جے آئی ٹی نے عید سے ایک روز پہلے25 جون کو وزیر اعظم کے تینوں بچوں کو طلبی کے نوٹس جاری کیے تھے،جن میں کہا گیا تھا کہ تمام ضروری دستاویزات ساتھ لے کر آئیں۔

وزیر اعظم نواز شریف،ان کے بھائی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، کزن طارق شفیع اور داماد کیپٹن رٹائرڈ محمد صفدر بھی تحقیقاتی ٹیم کے سوالوں کا سامنا کر چکے ہیں۔

اب تک تحقیقاتی ٹیم سپریم کورٹ میں اپنی 3 کارکردگی رپورٹس جمع کرا چکی ہے اور 10 جولائی کو حتمی رپورٹ سپریم کورٹ کے 3 رکنی عملدرآمد بنچ کو پیش کرے گی۔

تازہ ترین