پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پانچویں سالانہ ہیوبرٹ ہمفری فیلوشپ المنائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ اپنی کمیونیٹیز پاکستان و امریکا کو ایک بہتر جگہ بنا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ سالانہ کانفرنس سے خطاب کے دوران امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ جولائی میں میری اسٹیج پر سابق ہمفری ڈاکٹر امجد ثاقب سے ملاقات ہوئی۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا، آپ سب کو علم ہے کہ امجد ثاقب نے اخوت قائم کی تھی۔
امریکی سفیر کے مطابق امجد ثاقب نے اپنے اس انقلابی پروگرام کے ذریعے غربت کے شکار 5.2 ملین پاکستانیوں کی مدد کی۔
امریکی سفیر نے اپنے خطاب کے دوران وفاقی سیکریٹری حکومت پاکستان محی الدین احمد وانی کی جانب سے تعلیمی فاؤنڈیشن کی سپورٹ اور تعلیمی کوششوں میں مدد پر ان سے اظہار تشکر کیا۔
انھوں نے ریٹا مظہر سمیت پاکستان میں موجود تمام امریکی ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اور ہمفرے کے المنائی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
امریکی سفیر نے ہمفرے المنائی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اس کمیونٹی کے حصے کے طور پر اپنے کام سے پاکستان اور امریکا کے درمیان پل کا کردار ادا کرکے ہماری مشترکہ سمجھ بوجھ کو راسخ کیا اور یکساں مقاصد کو آگے بڑھایا۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا نے کہا کہ درجنوں دیگر ایکسچینج پروگرامز کے اراکین سمیت 44 ہزار پاکستان امریکن المنائی نیٹ ورک کے اراکین دنیا کی بڑی چیلنجز سے جن میں موسمیاتی تبدیلی، سماجی تضاد، مساوی حقوق اور صحت عامہ کے فروغ سے نبرد آزما ہونے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
انھوں نے اس موقع پر خصوصاً المنائی کے رکن ڈاکٹر امجد ثاقب جنھوں نے اخوت نامی ادارہ قائم کیا اور انسانی حقوق کے چیمپئن رمیش جے پال کا تذکرہ کرتے ہوئے انکی کاوشوں کو سراہا۔