• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کے بالائی علاقوں میں بارشیں، 19 افراد ہلاک

Rain In The Upper Parts Of The Country 19 People Died

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے متعدد شاہراہیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں ، چارسدہ اورمظفر آباد کے علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، بلوچستان میں اہم شاہراہوں کو نقصان پہنچا ، گلگت بلتستان میں گلگت اسکردو روڈ مختلف مقامات پرٹریفک کے لیے بند ہے، مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 19ہوگئی ہے ۔

ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، چارسدہ میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال ہے، تنگی کےعلاقے جیندی میں سیلابی پانی داخل ہونے سے متعدد مکانات گرگئے اورلوگوں کو بڑے مالی نقصان کا سامنا ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشیں جاری ہیں، گجرات میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں ، ایک مکان کی چھت گرنے سے 3 خواتین زخمی ہوگئیں، گوجرانوالا میں بھی متعدد گھروں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا، بارش اور سیوریج کے پانی سے لوگ دہری پریشانی کا شکار ہیں ۔

بلوچستان کے علاقوں ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، کوہلو، بارکھان اورکوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں بھی بارشیں ہورہی ہیں، کوہ سلیمان سےنکلنے والے برساتی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہے، ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل زمری اور پلاسین کوجانے والی دونوں سڑکیں بہہ گئی ہیں ۔

فاٹا کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے کھڑی فصلیں اور سیب و دیگر میوہ جات کے باغات تباہ ہوگئے ۔

آزاد کشمیرکے دارالحکومت مظفر آباد میں سینٹرل بار کے دفاتر میں برساتی نالے کا پانی بھر گیا، ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں پولیس کے دفاتر میں بھی پانی جمع ہونے سے ریکارڈ تباہ ہوگیا، طارق آباد نالہ، جلال آباد اور گلشن کالونی نالے میں طغیانی کے باعث پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

گلگت بلتستان میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے گلگت اسکردو روڈ مختلف مقامات پرٹریفک کے لیے بند ہے، مشینری کی عدم دستیابی کی وجہ سے سڑکوں کی بحالی کے کام میں مشکلات درپیش ہیں۔

ایف ڈبلیو او ذرائع کے مطابق راستے صاف کرنے کےلیے ہیوی مشینری روانہ کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین