• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
I Have The Power To Forgive People Trump

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اصرار کیا ہے کہ ان کے پاس لوگوں کو معاف کرنے کی 'مکمل طاقت موجود ہے۔ امریکی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق صدر روس سے تعلقات کے معاملے پر اپنے خاندان کے افراد، ساتھیوں، بشمول خود کو معاف کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

روس اور صدر ٹرمپ دونوں نے ان تعلقات کی تردید کی ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے جمعرات کو خبر دی تھی کہ ٹرمپ اور ان کی ٹیم صدر کے قریبی ساتھیوں کو معافی دینے کے طریقوں پر غور کر رہے ہیں۔

امریکی صدر کے پاس لوگوں کو معاف کرنے کی طاقت موجود ہوتی ہے، چاہے ابھی ان پر جرم ثابت نہ ہوا ہو یا الزام تک نہ لگایا گیا ہو۔تاہم ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مارک وارنر نے ان رپورٹوں کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'ایسے لوگوں کو معاف کر دینا ایک بنیادی لکیر عبور کرنے کے مترادف ہے۔

ہفتے کو صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کی تھی کہ 'سب ہی اتفاق کرتے ہیں کہ صدر کے پاس معاف کرنے کی مکمل طاقت موجود ہے۔ لیکن ایسا کیوں سوچیں جب کہ اب تک کیا جانے والا جرم صرف ہمارے خلاف انکشافات ہیں۔

صدر ٹرمپ نے ان انکشافات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جن میں کہا گیا تھا کہ ان کے اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے صدارتی انتخابی مہم کے دوران روسی سفیر سے ملاقات کی تھی۔

واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ کیا کہ اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے امریکا میں روسی سفیر سرگئی کسلیاک سے ملاقاتیں کی تھیں۔ اخبار نے یہ خبر حالیہ اور سابقہ حکام کے حوالے سے دی تھی۔

ایک عہدے دار کے مطابق کسلیاک نے سیشنز سے اہم انتخابی معاملات کے بارے میں بات کی تھی، جن میں ٹرمپ کی روس کے بارے میں پالیسیوں پر بات چیت بھی شامل تھی۔

سیشنز نے اس سے قبل کہا تھا کہ ان کا ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران روس سے کوئی رابطہ نہیں تھا۔ بعد میں جب اس کا انکشاف ہوا تو انہوں نے کہہ دیا کہ ان ملاقاتوں کے دوران انتخابی معاملات زیر بحث نہیں آئے تھے۔

تازہ ترین