• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب ریفرنسز پر پارٹی رہنماؤں کا نوازشریف کو تعاون نہ کرنے کا مشورہ

Nawaz Sahrif Urged Not To Cooperate On Nab References

سابق وزیراعظم نوازشریف کو پارٹی رہنماؤں نے نیب ریفرنسز کے معاملے پر تعاون نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد آج لندن پہنچے جہاں ان کی نوازشریف سے ملاقات ہوئی ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور مریم نواز پہلے سے ہی لندن میں موجود ہیں جب کہ شہبازشریف بھی لندن کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر میں ایک مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور حسین نواز سمیت دیگر اہم رہنما بھی شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں نوازشریف نے نیب مقدمات سے متعلق پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی جس میں انہیں تعاون نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورتی اجلاس میں نوازشریف کو مشورہ دیا گیا کہ انہیں اس سے پہلے بھی شفاف ٹرائل نہیں ملا، نیب ریفرنس کے معاملے میں بھی شفاف ٹرائل کا کوئی چانس نہیں اس لیے تمام عمل میں تعاون کا کوئی فائدہ نہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالےسے حتمی فیصلہ نوازشریف ہی کریں گے جب کہ شہبازشریف آج شام لندن پہنچیں گے جس کے بعد ایک اور مشاورتی اجلاس ہوگا جس میں پارٹی صدارت کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ شریف خاندان اور اسحاق ڈار کو نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت نے طلب کر رکھا ہے اور عدم پیشی پر گھر کے دروازوں پر نوٹس لگارکھے ہیں۔

حکومت نے گزشتہ روز ہی قانون بنوایا تھا کہ آرٹیکل 62،63 کے تحت نا اہل شخص بھی پارٹی سربراہ ہوسکتاہے، لیکن اپوزیشن کے سیاسی رہنماؤں نے اسے بھی عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

 

تازہ ترین