کسٹمز انٹیلی جنس حکام کی کارروائی حیدرآباد میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیتی اسمگل شدہ سگریٹ انڈین گٹکا اور جوس پائوڈر کی بھاری مقدار قبضے میں لے لی۔
ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس شوکت علی کی ہدایت پر کسٹمز انٹیلی جنس نے حیدرآباد میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک خفیہ گودام کا سراغ لگایا جہاں پر اسمگلنگ شدہ مال کو چھپایا جاتا تھا۔
ان اطلاعات پر کسٹمز انٹیلی جنس حکام نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائی کرتے ہوئے اسمگل شدہ مختلف برانڈ کے سگریٹس اور گٹکے کی بھاری مقدار قبضہ میں لے لی۔
برآمد کئے جانے والے سامان میں 430کارٹن سگریٹ جن کے ہر کارٹن میں 50ڈنڈے کل 21ہزار پانچ سو ڈنڈے مالیت 60لاکھ روپے‘ انڈیا کا گٹکا 120بورے مالیت 25لاکھ روپے‘ 60ہزار پیکٹ جوس پائوڈر مالیت 70لاکھ روپے شامل ہیں۔تمام اشیاء کو کسٹمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیا۔
حکام کی جانب سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے اور اس گھنائونے کاروبار میں شامل افراد کی گرفتاری کیلئے مختلف جگہوں پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔