• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حدیبیہ کیس، الزام تراشی کرنیوالوں کو منہ کی کھانی پڑی، شہباز شریف

Hudaibia Case Decision Is A Hit Back On Accusers Face Cm Punjab

وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کہتے ہیں کہ حدیبیہ کیس فیصلے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا ہے، الزام لگانے والوں کو منہ کی کھانی پڑی اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد اب آگے بڑھنا چاہیے۔

پروگرام’’آج شاہ زیب خانزادہ کیساتھ‘‘میں گفتگو کے دوران وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کیس نواز شریف جیسا تھا، نواز شریف کے خلاف کیس پاناما کا تھا، فیصلہ اقامہ پر آیا اور جس امیر ترین کو سزا ملی اس سے عمران خان فائدہ اٹھاتے رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے علیم خان، عمران خان کی دوسری اے ٹی ایم مشین ہے جو زمینوں پر قبضے میں ملوث ہے، ہم کارروائی کریں گے تو سیاسی انتقام کا الزام لگے گا، نیب کو کارروائی کرنی چاہیے

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ عمران خان کی نااہلی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے میں نظر ثانی کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ حدیبیہ ملز کو تباہ کر دیا گیا لیکن حکومت سے معاوضہ نہیں لیا گیا جب کہ ذوالفقار علی بھٹو کے زمانے میں اتفاق فاؤنڈری کو تباہ کر دیا گیا تھا۔

عمران خان اہل اور جہانگیر ترین کو نااہل قرار دیے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ ڈنکے کی چوٹ پر کہا کہ عمران خان کرپشن کے خلاف گلہ پھاڑ کر جو زبان استعمال کرتے ہیں، میں وہ زبان استعمال نہیں کر سکتااور ہمیشہ کہا کہ ان کے دائیں اور بائیں کرپٹ لوگ بیٹھے ہیں اور وہ نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں، کیا ایسے شخص پر یقین کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جہانگیر ترین نے کروڑوں روپے کے قرضے معاف کروائے اور انہیں آف شور کمپنی کے اثاثے ظاہر نہ کرنے پر نااہل قرار دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے، لیکن تحریک انصاف ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کر سکی جبکہ پاکستان میں اندھیرے ختم ہونے کا سہرا نواز شریف کو جاتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خان صاحب4سال کہتے رہے کہ لاہور میٹرو میں اربوں روپے ضائع ہو رہے ہیں اور سوا4 سال بعد خود قرضے لے کر میٹرو بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کی وجہ سے سی پیک کے منصوبے تاخیر کا شکار ہوئےکیونکہ عمران اور ان کی جماعت وقت ضائع کرنے کی ماہر ہے۔

 

تازہ ترین