• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی ناگزیر ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

Wants Action Against Elements Involved In Target Killing Cm Balochistan

وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ پر آنکھیں بند کر کے ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھ سکتے، سیکورٹی فورسز اور پولیو ورکروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر، ان کے سہولت کاروں اور محفوظ ٹھکانوں کے خلاف نتیجہ خیز کارروائی ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں سیکورٹی اہلکاروں اور خواتین پولیو ورکرز کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی تناظر میں ہنگامی طور پر طلب کئے گئے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا۔

وزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسروں اور ڈپٹی کمشنروں کو انتباہ کیا کہ وہ اپنی توانائیاں چیک پوسٹوں پر بھتہ وصول کرنے پر صرف کرنے کی بجائے امن کے قیام اور عوام کے جان ومال کے تحفظ پر توجہ دیں۔ اس قسم کی شکایات کی صورت میں متعلقہ ایس ایس پی اورضلعی آفیسروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئندہ جس ضلع اور جس علاقے میں بھی ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی کارروائی ہوگی اس ضلع کا پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او اس کا ذمہ دارٹھہرایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے تاخیر کے شکار کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ پر فوری عملدرآمد کے آغاز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس اہم منصوبے کی نگرانی کریں گے۔

تازہ ترین