• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کراچی مسائل کا گڑھ بن گیا، سڑکیں بیٹھنا شروع

کراچی مسائل کا گڑھ بن گیا ، سڑکیں بیٹھنا شروع


حکمرانوں کی  بے حسی اور شہر کے ساتھ بے رخی کے باعث کراچی مسائل کا گڑھ بن گیا ہے، پہلے شہری کچرے کو رو رہے تھے مگر اب سڑکیں بھی دھنسنا شروع ہو گئی ہیں۔

کراچی کے ریڈزون علاقے میں دو دن کے دوران دو سڑکیں بیٹھ گئی ہیں، پہلے کلب روڈ اور اب ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ پر سڑک دھنس گئی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دو ماہ قبل بھی سڑک بیٹھی تھی اور اب دوبارہ وہی سڑک پھر بیٹھنے سے گڑھا پڑ گیا ہے۔

گذشتہ کئی ماہ و سال سے کراچی لاوارث بنا ہوا ہے اور مسائل کا گڑھ بھی نظر آتا ہے ایسا لگتا ہے کہ اس شہر کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔

پہلے کچرا شہر کراچی عروس البلاد کی زینت بنا، پھر شہری ڈینگی مچھر اور خوانخوار آوارہ کتوں کے ساتھ لڑتے رہے۔

یہ بھی پڑھیے: بیٹی کو بچاتے کتے کا شکار ہوا باپ زندگی کی بازی ہار گیا

ابھی شہریوں کی ان میدانوں میں زور آزمائی جاری تھی اور کراچی والے پیش قدمی کرتے آگے بڑھ رہے تھے کہ ریڈ زون کے قریب آتے آتے منہ کے بل گرنے لگے، دیکھا تو سڑکیں دھنسی ہوئی تھیں جبکہ ریڈ زون اور اطراف میں تمام اہم شاہراہیں گندے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور بے ناک کی انتظامیہ اس میں غوطے لگارہی ہے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ پر واقع ہے اور اس سڑک کو ایک سال قبل کروڑوں روپے لاگت سے تعمیر کیا گیا لیکن یہ سڑک دو ماہ قبل سیوریج کی لائن بیٹھ جانے کی وجہ سے متاثر ہوئی اور پھر اس کی مرمت اور لائن کی مرمت پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے اور آج پھر یہ ایک گہرے گڑھے میں بدلی دکھائی دے رہی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

تین روز قبل کلب روڈ سے عبداللّٰہ ہارون روڈ جانے والی سڑک زیر زمین سیوریج کی لائن بیٹھ جانے کے باعث تباہ ہوگئی اور وہاں کئی فٹ چوڑا گڑھا پڑگیا تاہم سڑک پر مرمت کا کام جاری ہے جو رواں ہفتے کے اختتام تک مکمل کرلیا جائے گا، یہ سڑک کئی کروڑ روپے کی لاگت سے حال ہی میں تعمیر ہوئی تھی۔

ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللّٰہ خان کا کہنا ہے کہ زیرِ زمین لائن پچاس سال پرانی تھی جس کے باعث یہ واقعہ رونما ہوا۔

دوسری طرف صدر میں راجہ غضنفر علی روڈ جو کراچی کنٹونمنٹ کی ذمہ داری ہے وہ کسی تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے، جبکہ صدر سے شاہراہ فیصل جانے والی عبداللّٰہ ہارون روڈ پر بھی پانی ہے اور جب یہ سارے مسائل مل جاتے ہیں تو شہر میں ٹریفک جام ہوجاتا ہے اور عوام رل جاتے ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین