لاہور(سپیشل رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ کیا فوج کی تقرریاں چوک پر بیٹھ کر ہونی چاہئیں؟یہ حساس معاملہ ہے،حکومت نے اپنی نا تجربہ کاری سے تماشا بنا دیا۔میں وزیر اعظم ہوتا تو کبھی ایسا نہ ہوتا،یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ چھوٹے چھوٹے معاملات پر ضد کریں ،فوج ہماری ہے ،سب کو اس کی عزت و تکریم کرنا چاہیے۔مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔ چودھری اسلم گل کے بھانجے احمر صفدر وڑائچ کے ختم قل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےراجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ماضی میں کسی حکومت نے اس قدر عوام دشمنی نہیں کی۔پی ڈی ایم ہم نے بنائی،جس میں پیپلز پارٹی نے بھر پور کردار ادا کیا،پاکستان میں جمہوریت کو چلتا اور منتخب ایوان مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں ،ان کے خلاف عدم اعتماد کر سکتے ہیں۔پنجاب حکومت چند ووٹوں پر کھڑی ہے۔