اسلام آباد،باجوڑ (نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں) باجوڑ میں ریموٹ کنڑول بم دھماکے ، ہنگو،کیچ میں سکیورٹی چیک پوسٹوں پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید ہوگئے، تیر بانڈگئی میں گشتی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ، 2پولیس، 2 ایف سی اہلکارشہید ہوئے۔
تھل اور کیچ میں چوکیوں پر حملے ہوئے، پولیس ذرائع کے مطابق بدھ کی شام ضلع باجوڑ کی تحصیل وڑ ماموند کے علاقہ تیر بانڈگئی میں پولیس فورس اور ایف سی کی گشتی گاڑی پر دھماکہ اس وقت ہوا جب وہ اس سے قبل ہونیوالے ایک اور بم دھماکہ کے تحقیقات کیلئے جارہے تھے۔
دھماکے کے نتیجے میں پولیس ڈرائیور صمد خان ، پولیس کانسٹیبل نور رحمان ، ایف سی اہلکار جمشید اور مدثر شہید ہوگئے۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیااور واقعہ کی تفتیش جاری ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ہنگو کے علاقہ تھل میں دہشتگردوں نے چوکی پر رات گئے فائرنگ کی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی تاہم فائرنگ کے تبادلے میں مانسہرہ کے رہائشی 26 سالہ سپاہی وقاص شہید ہو گئے۔
علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کی موجودگی کے خلاف کلیئرنس جا ری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے کیچ میں دہشت گردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں سپاہی محمد قیصر شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے جوانوں نے جوابی فائرنگ کی اور علاقے کو گھیر ے میں لے لیا دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے ،سابق وزیرِداخلہ رحمٰن ملک نےہنگو حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے شہدا کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔