• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی عوام پر یکم نومبر سے گیس بم گرانے کی تیاری

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) حکومت کی عوام پر یکم نومبر سے گیس بم گرانے کی تیاری، آئی ایم ایف سے کئے گئے وعدے کے مطابق گیس ٹیرف میں 10 تا 22 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق موجودہ اکتوبر کے مہینے میں عوام پر بجلی اور پٹرول بم گرانے کے بعد حکومت آئی ایم ایف سے کئے گئے وعدے کے مطابق یکم نومبر 2021 تک مقامی گیس کے ٹیرف میں 10-22 فیصد اضافہ کرکے ایک اور بم گرانے کو تیار ہے۔ 

فنڈ چاہتا ہے کہ حکومت مقامی گیس سیکٹر میں گردشی قرض کو کم کرے جو بڑھ کر 554 ارب روپے ہو گیا ہے اور اگر 104 ارب روپے کی رقم شامل کی جائے، جو گزشتہ تین سالوں میں مہنگی آر ایل این جی کے استعمال کیلئے گھریلو صارفین سے وصول نہیں کی گئی، تو پھر کل گردشی قرضہ آج تک 658 ارب روپے ہے اور اگر حکومت سیاسی خیالات کی وجہ سے سردیوں کے موسم کے تین ماہ میں آر ایل این جی کو گھریلو شعبے میں موڑنے کی اجازت دیتی ہے تو پھر گردشی قرضہ 748 ارب روپے تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔ 

فنڈ یہ بھی چاہتا ہے کہ حکومت اوگرا کے تعین کردہ گیس کی قیمت میں اسی اضافے کی عکاسی کرے۔ 

وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام نے دی نیوز کو بتایا کہ جی ہاں ، ہم نے گیس کے نرخوں میں اضافے کے لیے تین منظرنامے بنائے ہیں جس میں فیصلہ سازوں کی جانب سے یکم نومبر 2021 سے منظور کرنے کیلئے 10 فیصد، 15 فیصد اور 20 فیصد شامل ہیں ۔

سوئی یوٹیلٹیز کو موجودہ مالی سال میں 50 ارب روپے کی کمی کا سامنا ہے جس میں سوئی ناردرن کے 30 ارب روپے اور سوئی سدرن کے 20 ارب روپے شامل ہیں۔

تازہ ترین