• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالعدم ٹی ایل پی کا دھرنا جاری، وسیع علاقے میں ٹریفک، موبائل انٹرنیٹ بند

لاہور(نمائندہ جنگ) کالعدم تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی )کا یتیم خانہ چوک ملتان روڈ پر دھرنا گزشتہ روز بھی جاری رہا۔وسیع علاقے میں موبائل ،انٹرنیٹ سروس اور اورنج ٹرین سمیت ٹریفک بندرہی۔ ٹی ایل پی کے رہنماؤں نے مطالبات کی منظوری کے لیے آج تک کا وقت دیا ہے ،بصورت دیگربعدازنماز جمعہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سماجی رابطے کی سائٹس پر جاری پیغامات میں ٹی ایل پی کے رہنمائوں نے کارکنان کو اسلام آباد جانے کی تیاری کرنے کا کہا ہے۔ مجلس شوریٰ کے اراکین نے کہا کہ ناموس رسالت مارچ سے پہلے حکومت کو معاہدے پر عملدرآمد اور مطالبات تسلیم کرنے کاموقع دیتےہیں ، 15 روز فٹ پاتھ پر گزر گئے، 3 روز سے پر امن دھرنا جاری ہے ۔ اسلام آباد کی طرف پرامن لانگ مارچ ناموسِ رسالت مارچ 22 اکتوبر جمعہ کو 3 بجے مسجد رحمتہ للعالمین چوک یتیم خانہ سے روانہ ہو گا ۔گذشتہ روز ٹی ایل پی کی قیادت نے میڈیا کے نمائندوں کو ملتان روڈ پر مرکزی دھرنے میں شرکت کی دعوت دی اور انہیں صورت حال سے آگاہ کیا۔ بتایا گیا کہ فی الحال ملک میں کہیں اور کوئی دھرنا نہیں ہے اور یہاں بھی دھرنے میں نہتے لوگ ہیں۔ اس سوال پر کہ اسلام آباد پہنچ کر کس مقام پر دھرنا دیا جائے گا ۔ٹی ایل پی کے ذمہ دار نے جواب دیا ، جہاں تک پہنچنے دیاگیا ۔ ٹی ایل پی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق سید سرور حسین شاہ سیفی، غلام عباس فیضی، مفتی عمیرالاظہری ، علامہ انس ، رکن سندھ اسمبلی مفتی قاسم فخری مارچ کی قیادت کریں گے ۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے تو دعا کے ساتھ دھرنے کے اختتام کا اعلان کردیا جائے گا ۔ دھرنے کی وجہ سے چوک یتیم خانہ ملتان روڈ ،سکیم موڑ سے علامہ اقبال ٹاؤن کا راستہ بند ہے، چوک یتیم خانہ سے موڑ سمن آباد اور پھر ایل او ایس تک جگہ جگہ کنٹینرز لگادئیے گئے ہیں، شیراکوٹ انٹرچینج سے ملتان روڈ کا راستہ بھی بند ہے۔ لوگ سبزہ زار کے راستے کھاڑک ملتان روڈ جارہے ہیں ۔ اورنج ٹرین بھی بند کردی گئی ۔نیازی چوک سے انٹرچینج تک آمدورفت میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ دھرنے کے اطراف کے علاقوں شیراکوٹ، نواں کوٹ، سمن آباد، گلشن راوی، اقبال ٹاؤن اور سبزہ زار کے علاقوں میں موبائل و انٹرنیٹ سروس پچھلی رات ہی بند کردی گئی تھی ، یہ بندش بعد میں 22 علاقوں تک بڑھا دی گئی جن میں اسلام پورہ،اچھرہ،چونگی امرسدھو، چوبرجی، ہربنس پورہ،باغبانپورہ،جوہر ٹائون،ٹھوکر نیاز بیگ، مزنگ ،شاہدرہ،بادامی باغ ،ڈیوس روڈ ،فیصل چوک، مسلم ٹائون شامل ہیں۔واٹر کینن گاڑیاں،اینٹی رائٹس فورس اور بڑی تعداد میں گیس شیل اور سپیشل فورسز کے دستے پہنچ چکے ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے بھی ممکنہ خراب صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پنجاب پولیس کی بھاری نفری دھرنے کے چاروں اطراف موجود ہے۔پنجاب حکومت کی جانب سے ممکنہ خراب صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پنجاب پولیس کی بھاری نفری دھرنے کے چاروں اطراف موجود ہے، کالی کوٹھی اقبال ٹاؤن، اسکیم موڑ، سوڈی وال، نیازی اڈا اور سمن آباد موڑ سے راستوں کو خاردار تاروں اور کنٹینرز کی مدد سے سیل کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے دھرنے کے مقام اور ارد گرد کے علاقوں میں مارکیٹس اور کمرشل سینٹرز بھی بند کرا دئیے ہیں۔

تازہ ترین