مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے ووٹ کی عزت نہ کرکے آدھا پاکستان گنوادیا۔
کراچی میں تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ قادر بخش، نواز شریف کے نظریہ سے متاثر ہوکر ن لیگ میں شامل ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب اتنی سکت نہیں کہ 2018 کا ڈرامہ دوبارہ ہو۔ ووٹ کو عزت دو گلگت سے کشمیر، پنجاب سے سندھ تک گونج رہا ہے، معاشرہ اس وقت ترقی کرتا ہے جب ووٹ کی عزت ہوتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جہاں ووٹوں کو روندا گیا، اس ملک کی ترقی نہیں ہوئی، ووٹ نے غریب آدمی کو جو طاقت دی ہے، وہ کسی اور نظام نے نہیں دی۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ ہاری کا بھی ایک ووٹ ہے اور 10ہزار ایکڑ کے مالک کا بھی ایک ووٹ ہے، ہماری حکومت آئی تو ہم نے پورے پاکستان کی خدمت کی۔
انہوں نے کہا کہ 2013 میں 18،18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے اسپتالوں میں مریض تڑپتے تھے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ جب ہم گئے پاکستان، جنوبی ایشیا میں بھارت اور سری لنکا سے آگے تھا، اب یہ حال ہے کہ سری لنکا، نیپال بھی پاکستان سے آگے نکل گئے۔