حکمران اتحاد میں شامل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مہنگائی بہت ہوگئی ہے، بدانتظامی بھی مہنگائی کی وجہ ہے، وزیر اعظم سے مطالبہ کرتا ہوں غریبوں کے لئے کچھ کریں۔
ایک بیان میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے حکومت کے ساتھ اتحاد جمہوریت کو بچانے کے لیے کیا، اگر ہمارے بغیر جمہوریت بچ سکتی ہے تو ہم علیحدہ ہو سکتے ہیں۔
خالد مقبول نے کہا کہ حکومت اور فوج کو ہی نہیں پوری قوم کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر قوم کو ضرورت ہو تو قبل از وقت انتخابات ہونے چاہئیں، حکومت میں اور باہر رہ کر مسائل حل کرنے کے دونوں آپشنز موجود ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ووٹ نہیں بولے گا تو روڈ بولے گی، اگر ہمارے کارکنان لاپتہ ہیں تو یہ ہمارا نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے۔