کراچی(اسٹاف رپورٹر) انتظار کی گھڑیاں اب ختم ہورہی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اور شو پیس میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کی شام سات بجے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ کرکٹ کی عالمی جنگ میں ایشین پاورز کے ہائی وولٹیج میچ کے ٹکٹ نایاب ہوگئے ہیں۔
بھارت 2007میں یہ ٹورنامنٹ فائنل میں پاکستان کو ہراکر جیت چکی ہے۔ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2009میں یونس خان کی قیادت میں لارڈز میں سری لنکا کو ہراکر جیتا تھا۔
آن پیپر بھارتی ٹیم کو مضبوط قرار دیا جارہا ہے لیکن پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہم جیت کے لئے پرعزم ہیں۔ پاکستانی ٹیم اس ورلڈ کپ میں بطور فیورٹ تو داخل نہیں ہو رہی لیکن تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کو ماضی کے تجربے کے باعث فائدہ ضرور ہو سکتا ہے۔
ون ڈے ورلڈکپ کی طرح پاکستان نے بھارت کو اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شکست نہیں دی ہے۔ دونوں کے درمیان ورلڈ کپ میں چار میچ ہوئے ہیں جو بھارت نے جیتے ہیں۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کہتے ہیں کہ ہم ماضی کے ریکارڈ کو نہیں دیکھتے کیونکہ اس سے توجہ ٹورنامنٹ سے ہٹ جاتی ہے۔
میرے حساب سے پاکستانی ٹیم مضبوط ہے اور مضبوط رہی ہے۔ ہمیں ایک پلان کے مطابق میدان میں اترنا پڑتا ہے۔ پاکستان نے میچ کے لئے بارہ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
سابق کپتان سرفراز احمد، وسیم جونیئر اور محمد نواز شامل نہیں ۔ امکان ہے کہ پاکستانی اننگز کا آغاز بابر اعظم اور محمد رضوان کریں گے۔ فخر زمان ون ڈائون پر آئیں گے۔ مڈل آرڈر میں محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی شامل ہوں گے۔
اسپن بولنگ میں شاداب خان اور عماد وسیم ذمے داریاں نبھائیں گے جبکہ فاسٹ بولنگ کا اٹیک شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث روف کے پاس ہوگا۔ ممکنہ طور پر حیدر علی بارہویں کھلاڑی ہوں گے۔
کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا مورال اپ ہے اور تمام کھلاڑی کھیلنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں، ریکارڈز بنتے ہی ٹوٹنے کے لئے ہیں، کرکٹ میں ہر دن نیا ہوتا ہے، ورلڈ کپ میں بھارت کی جیت کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کریں گے۔ رمیز راجا نے سو فیصد پرفارمنس دینے اور کھیل پر فوکس کرنے کا کہا ہے، کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور اعتماد دیا۔
بابر اعظم نے کہا کہ بہترین پلیئنگ الیون بنانے کی کوشش کی ہے، ضرورت پڑنے پر سرفراز احمد کو بھی موقع ملے گا، شعیب ملک اسپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں، شاداب خان کی باڈی لینگویج اور جوش و خروش سب کے سامنے ہے۔
ہم نے ریلیکس رہنا ہے دباؤ نہیں لینا خود پر اعتماد ہے سو فیصد کھیل پیش کریں گے، یہاں کھیلنے کے عادی ہیں ۔ پہلے دو میچز بہت اہم ہیں لیکن پراعتماد ہیں کہ اچھا کھیلیں گے، پاک بھارت ہمیشہ ایک بڑا میچ ہوتا ہے اعصاب پر قابو پانا ہوتا ہے۔ میں اپنے پلان کے مطابق کھیلتا ہوں اور بال پر فوکس کرتا ہوں، ہمارے بولرز اچھے اور تجربہ کار ہیں۔