• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑے مشکل حالات میں کرکٹ یہاں تک پہنچی ہے، فواد چوہدری

کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کی خصوصی نشریات ”جشن کرکٹ“ میں بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بڑے مشکل حالات میں کرکٹ یہاں تک پہنچی ہے، سابق کرکٹر انضمام الحق نے کہا کہ یہ دیکھنے کیلئے میں 30سال سے منتظر تھا۔

سابق کرکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ ہماری باڈی لینگویج بہت مضبوط تھی، سابق کرکٹر سہیل تنویر نے کہا کہ اللّٰہ نے بڑی عزت دی سارا کریڈٹ لڑکوں کو جاتا ہے، فاسٹ بولر مرینہ اقبال نے کہا کہ انڈیا کو ہر طرح کی پچوں پر کھیلنے کی پریکٹس ہے لیکن آج سارا کچھ الٹا ہوگیا، سابق کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ آج بڑی متوازن بولنگ ہوئی۔ 

پروگرام کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ واقعی آج جشن کا سماں ہے پورے پاکستان اور پوری دنیا میں جہاں جہاں پاکستانی موجود ہے وہاں جیت کا جشن منایا جارہا ہے۔ پہلی گیند سے لے کر آخری گیند جو بابر اعظم اور رضوان نے کھیلی کہا جاسکتا ہے کہ کہیں کوئی غلطی نظر نہیں آئی۔ 

امید ہے یہ جشن ورلڈ کپ کے دیگر میچوں کے دوران بھی جاری رہے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ آج بہت ہی زبردست ماحول تھا جب بھی آپ جیت رہے ہوتے ہیں تو ماحول ویسے ہی اچھا لگنا شروع ہوجاتا ہے۔ 

یہ بات بھی ذہن میں رکھنی ہے کہ بڑے مشکل حالات میں کرکٹ یہاں تک پہنچی ہے پاکستان میں تو بین الاقوامی کرکٹ ہی نہیں ہورہی، نہ ہی ہمارے پاس اربوں ڈالر آتے ہیں کہ ہم کرکٹ پر خرچ کرسکیں۔ لیکن کرکٹ پاکستان میں جوڑتی ہے، آج آپ مقبوضہ کشمیر میں دیکھیں، کیا جشن ہورہا ہے، گوادر سے لے کر خیبر،لاہور سے کراچی،گلگت بلتستان ہر جگہ کرکٹ ہمیں آپس میں جوڑتی ہے۔ 

دس وکٹوں سے جیت کی کوئی توقع نہیں کررہا تھا یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ میچ ہارنے سے قبل ہی بھارتی شائقین کرکٹ نے اسٹڈیم سے واپس جانا شروع کردیا۔ آپ کے ذریعے پورے پاکستان کو بڑی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔250روپے کی بھی چینی ہو تو لوگ سیویاں بناکر کھلائیں گے۔ 

بھارتی اداکار اکشے کمار اور وویک اوبرائے بھارت کی ہار پر آدھے میچ سے اسٹڈیم سے چلے گئے۔کوئی بھی بندہ محنت کرے تو وہ وزیراعظم ہوسکتا ہے مگر ہر بندہ عمران خان تو نہیں ہوسکتا۔ سابق کرکٹر انضمام الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فتح دیکھنے کے لئے میں 30 سال سے منتظر تھا92ء سے 2021ء آگیا۔

ان کرکٹرز نے آج جیت کر نئی تاریخ رقم کی ہے۔ہماری ٹیم اسی طرح مضبوط ہے جس طرح آج یہ کھیلی ہے۔ پوری قوم نے بہت دعائیں مانگی ہیں پوری قوم اور ٹیم کو بہت بہت مبارکباد۔پاکستانی ٹیم نے آج کے میچ میں جیت کے ساتھ ساتھ انڈین ٹیم کو دبا کر بھی رکھا ہے۔ ہم اس کمبی نیشن کے ساتھ ٹورنامنٹ جیت سکتے ہیں۔

بابر اعظم جس طرح کھیل رہا ہے اگر مزید پانچ سال کرکٹ کھیل لی تو یہ دنیا کے سارے ریکارڈ توڑ دے گا۔ آج بابر اعظم کی بیٹنگ سے زیادہ اس کی کپتانی کی تعریف ہوئی ہے کہ اس نے بہت اچھی کپتانی کی ہے، بابر اگلے دس سال تک کپتان رہ سکتا ہے۔ 

ٹیم دو دن پہلے منتخب کرنے کا کریڈٹ انتظامیہ کو دینا چاہئے۔ سابق کرکٹر مشتاق احمدنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں پاکستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔ 

ویرات کوہلی کے آج انٹرویو میں الفاظ ساتھ نہیں دے رہے تھے۔ آج ہماری باڈی لینگویج بہت مضبوط تھی۔اللہ کا شکر ہے پاکستان آج بہت اچھی پوزیشن میںہے۔ٹیم انتظامیہ کو بھی پورا کریڈٹ دینا چاہئے۔ حسن علی نے وکٹوں کے حصول کی کوششوں میں تھوڑے رنز دے دیئے۔

تازہ ترین