• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو شکست: یاسر حسین نے کوہلی کی ڈانس ویڈیو شیئر کردی

فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار یاسر حسین نے پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی ڈانس ویڈیو شیئر کردی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر یاسر حسین نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی ایک پُرانی ویڈیو شیئر کی ہے جوکہ انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کے پریکٹس سیشن کے دوران بنائی گئی تھی۔


اس ویڈیو میں ویرات کوہلی گراؤنڈ میں بیٹھے بڑا ہی دلچسپ ڈانس کررہے ہیں جبکہ اس ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میوزک میں نصیبو لال کا معروف گیت ’لونگ نک دا‘ چل رہا ہے جوکہ میمرز کی جانب سے لگایا گیا ہے۔

یاسر حسین نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’آپ سب کو پاکستان کی فتح مبارک ہو۔‘

اداکار نے کہا کہ ’پاک بھارت میچ اور کوہلی کا یہ ڈانس بہت شاندار ہے۔‘

اُنہوں نے بھارت کے اگلے میچ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

بھارت کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کپتان بابراعظم کے بلے نے بھی رنز اگلے اور انہوں نے 52 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری جانب بہترین بولنگ پرفارمنس پر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید