• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادی صحافت پر پابندیاں نہیں لگانے دینگے ،جرنلسٹس کنونشن

کراچی(جنگ نیوز)پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی ملک کے بائیس کروڑ عوام کیخلاف سازش ہے ،اس کیخلاف پی ایف یو جے کی نومبر میں شروع ہونے والی تحریک میں سیاسی جماعتیں، وکلا، مزدور، نوجوان اور سول سوسائٹی بھی ساتھ ہوگی ، حکومت کو ملک میں آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر پابندیاں نہیں لگانے دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تحت کراچی میں منعقدہ جرنلسٹس کنونشن کے شرکا نے کیا۔ کنونشن میں پی ایف ایف یوجے، کے یوجے، ایپنک، اور اے پی این ایس کے عہدہداروں کے علاوہ سول سوسائٹی، وکلاتنظیموں ، مزدور رہنمائوں اور سیاستدانوں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔ جنرل سیکرٹری کے یوجے فہیم صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ایم ڈی اے کا قانون پریس کومنظم انداز میں قابوکرنے کیلئے لایا جارہا ہے۔ صدر پی ایف یوجے شہزادہ ذوالفقار نے کہا کہ صحافیوں کے انیس مطالبات کی منظوری کیلئے اسلام آباد مارچ کریں گے، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان دونومبر کو کیا جائے گا۔تقریب کی مہمان خصوصی شازیہ مری نے کہا کہ ایسا کوئی قانون نہیں بن سکتا جس میں اسٹیک ہولڈرزکی مشاورت شامل نہ ہو، لانگ مارچ میں صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ کنونشن سے جنرل سیکرٹری پی ایف یوجے ناصر زیدی ، سینئر صحافی مظہر عباس، ایپنک چیئرمین عرفان علی، سابق گورنر زبیر عمر، رہنما اے این پی شاہی سید نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت کی جدوجہد میں وکلا، ڈاکٹرز، طلبہ اوراساتذہ تنظیموں سمیت دیگر شعبوں کو بھی ساتھ ملانا ہوگا۔آخر میں پی ایف یوجے اور ایپنک کے انیس مطالبات پر صحافی، سیاسی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے دستخط کئے۔

تازہ ترین