پاکستان کے ہاتھوں ٹی 20 ورلڈ میں بھارت کی عبرتناک شکست کے بعد لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر اور بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ میں لفظی جنگ طول پکڑ گئی۔
دبئی میں پاکستان کے ہاتھوں کسی ورلڈکپ ایونٹ میں بھارت کی پہلی شکست کے بعد محمد عامر اور ہربھجن سنگھ کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی جنگ جاری ہے۔
پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ہی بھارت کو تاریخی شکست سے دوچار کیا، پھر کیا تھا، محمد عامر اور ہربھجن سنگھ کے درمیان ٹوئٹس کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
پہلے محمد عامر نے ہربھجن سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ پوچھنا تھا پاجی نے اپنا ٹی وی تو نہیں توڑا‘۔
اس پر ہر بھجن نے عامر کی گیند پر چھکا لگانے کی ویڈیو شیئر کی اور لکھا ’اس سکس کی لینڈنگ تمہارے گھر کے ٹی وی پر تونہیں ہوئی تھی‘۔
اس پر محمد عامر نے جوابی وار کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کی بولنگ دیکھ رہا تھا، جب شاہد آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں 4 گیندوں پر 4 چھکے لگائے تھے‘۔
اس کے بعد ہر بھجن سنگھ نے محمد عامر کو میچ فکسنگ کے طعنے و تشنے دینا شروع کردیے۔
اس پر لیفٹ آرم فاسٹ بولر نے کہا پیچھے رہنا تھا، انہوں نے لکھا لگتا ہے ’ پاجی کو برا لگ گیا، بھاگو ، بھاگو لالا آیا ہے‘۔