• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ، لکی مروت میں پولیس وین نشانہ، 2 فوجی، 4 پولیس اہلکار شہید

کرم / لکی مروت (نیوز ایجنسیز / نمائندگان جنگ ) کرم ایجنسی میں افغانستان سے دہشتگردوں کے حملہ کے نتیجے میں2فوجی جوان شہید ہوگئے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق کرم کے علاقے میں دہشت گردوں نے باڑ عبور کرنے کی کوشش کی ، پاک فوج نے بروقت کارروائی کی ، سرحدوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہیں ، افغان حکومت دہشت گردوں کی کارروائیاں روکے۔ 

ادھر لکی مروت میں پولیس وین دہشت گردوں کا نشانہ بن گئی ، میانوالی روڈ پر معمول کے گشت کے دوران اہلکاروں پر حملہ کیا گیا ، نامعلوم افراد کی فائرنگ سےاے ایس آئی سمیت4اہلکار شہید ہوگئے۔حملہ اچانک تھا اور فائرنگ سے اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے ۔ 

اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جبکہ ملزموں کی گرفتار کیلئے آپریشن شروع ہوگیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کرم کے علاقے میں افغان دہشت گردوں نے پاک افغان سرحد پر باڑ عبور کرنے کی کوشش کی۔ 

پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے سرحدی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بنادی۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کرم کے رہائشی 24 سالہ لانس نائیک اسد اور لکی مروت کے رہائشی 21 سالہ سپاہی آصف شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان عبوری حکومت پر زور دیا ہے کہ آئندہ پاکستان کے خلاف اس طرح کی کارروائیوں کی اجازت نہ دے اور کارروائیاں روکے۔ پاک فوج دہشت گردی کے خطرے سے ملکی سرحدوں کی حفاظت کےلیے پرعزم ہے اور بہادر جوانوں کی شہادت اس کے عزم کو مزید پختہ کرے گی۔

ادھر لکی مروت کے قریب میانوالی روڈ پر پولیس وین پر نامعلوم موٹر سائیکل سواردہشت گردوں کی فائرنگ سے اے ایس آئی سمیت چار پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

تازہ ترین