• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کبڈی کے کھیل کوچار چاند لگ گئے ہیں، پہلوان سجاد انور

بلیک برن(مظہر چوہدری) کبڈی پاکستانی عوام کا پسندیدہ کھیل ہے اور نئے کھلاڑیوں نے تو اپنی عمدہ کارکردگی کی بنا پر اس کھیل کوچار چاند لگا دئیے ہیں جس کی وجہ سے شائقین کبڈی اب دنیا بھر میں موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پہلوان سجاد انور جہلم ،پہلوان محمد باسط ،پہلوان اصغر علی چیمہ گجرات اور پہلوان راشد جاوید شیر گڑھ نے جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئےکیا ۔پاکستان سے آئے ہوئے کبڈی کے ان کھلاڑیوں نے بتایا کہ پاکستان کی کبڈی کو بھارت کی کبڈی سے زیادہ پسند کیا جاتا ہےکیونکہ نئے کھلاڑیوں نے زور دار طمانچے لگانے اور فریق مخالف کو مکمل طور پر چِت کرنے کی وجہ سے اس کھیل کی رونق دو بالا کردی ہے ،یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی کبڈی کو اب دنیا بھر میں پسند کیا جانے لگا ہے اور اسے امریکن فری اسٹائل ریسلنگ کی طرز پرپاکستانی فری اسٹائل کبڈی کہا جانے لگا ہے ۔انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں بھی کبڈی کا کھیل فروغ حاصل کر رہا ہے ۔انڈین پاکستانی شائقین کے علاوہ انگریز بھی پاکستانی میلوں میں کبڈی دیکھنے آتے ہیں۔ 
تازہ ترین