حکومت اور کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے درمیان معاہدے کے اہم نکات سامنے آ گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق کالعدم تنظیم آئندہ کسی لانگ مارچ یا دھرنے سے گریز کرے گی۔
کالعدم ٹی ایل پی آئندہ بطور سیاسی جماعت قومی دھارے میں شریک ہوگی اور ٹی ایل پی کو کالعدم جماعتوں کی فہرست سے نکال دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنے کے شرکا آج رات تک راستہ کھول دیں گے، معاہدے پر 50 فیصد عمل درآمد کے بعد دھرنا مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔
حکومت کالعدم ٹی ایل پی کے گرفتار کارکنوں کو رہا کردے گی، دہشت گردی سمیت سنگین مقدمات کا سامنا کرنے والے کارکنوں کو عدالت سے ریلیف لینا ہوگا۔
دھرنے کے شرکا کے خلاف حکومت کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کرے گی۔
کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے مفتی منیب الرحمان نے بطور ضامن معاہدے کے لیے کردار ادا کیا، حکومت کی جانب سے شاہ محمود قریشی، اسد قیصر، علی محمد خان نے معاہدے پر دستخط کیے۔