• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

HEC،ایم اے / ایم ایس سی کے طلبہ کو ایک سال کی مہلت

کراچی(سید محمد عسکری) وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کورونا کے تناظر میں طلبہ کا مستقبل بچانے کےلئے 2019 میں بی اے/ بی ایس سی کی بنیاد پر ایم اے / ایم ایس سی میں داخل شدہ طلبہ کو کو ایک بار چھوٹ دیتے ہوئے ان کے داخلوں کی ٹائم لائن کو 30 جون 2022 تک ایڈجسٹ کر دیا ہے۔ ایچ ای سی کے ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن شہزاد عباسی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 14 سال کی تعلیم رکھنے والے طلباء بی اے / بی ایس سی/ اور ایسوسی ایٹ یا مساوی ڈگری رکھنے والے طلبہ بی ایس کے پانچویں سیمسٹر میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ ایسے طلبہ کی تعلیمی کمی کو دور کرنے کے لئے داخلہ دینے والی جامعہ 15-18 کریڈٹ آورز کے برجنگ کورسز کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اپنے نوٹیفکیشن میں بی کام کی بنیاد پر ایم کام میں داخلہ لینے والے طلبہ کا ذکر کرنا ہی مناسب نہیں سمجھا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر اعلی تعلیمی ادارے ایسوسی ایٹ ڈگری کے نظام میں منتقل ہو گئے۔ تاہم چند اداروں نے مقررہ وقت سے آگے مرحلہ وار BA/BSc پروگراموں میں طلباء کو داخلہ دیا۔ نتیجتاً ایسی ڈگریوں کے پاس ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے شناخت اور تصدیق کا دعویٰ کرنے کا حق نہیں ہے۔ کووڈ-19 کی وجہ سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے پروگراموں میں داخلہ لینے والے طلباء کے تعلیمی کیریئر کے تحفظ کے لئے کمیشن کی منظوری کے بعد بی اے/بی ایس سی ڈگری ہولڈرز کو ایک بار چھوٹ دی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ ایچ ای سی نے پہلے اس حوالے سے 31مارچ 2021تک توسیع دی تھی۔

تازہ ترین