کراچی (اسٹاف رپورٹر) احسان مانی دور میں طاقتور تصور کئے جانے والے اور سابق سی ای او وسیم خان کی انتظامی ٹیم کا اہم حصہڈائریکٹر بابر حامد کو نا قص کارکردگی کی وجہ سے ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے۔
پی سی بی نے ان کی برطرفی کی تصدیق ضرور کی لیکن اندرونی معاملہ قرار دے کر سبکدوشی پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
کراچی میں پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں بد انتظامی سےبچ جانے والے بابر حامد کو ڈی آر ایس کی بد انتظامی لے ڈوبی اور کئی ہفتوں سے جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا۔
منگل کو پی سی بی نے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد کو ملازمت سے فارغ کرنے کی تصدیق کردی۔ ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ بابر حامد کی مزید خدمات درکار نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ڈی آر ایس نہ ہونے پر چیئرمین پی سی بی برہم تھے ۔
اس پر انہیں تحقیقات کا سامناتھا۔وہ ستمبر سے بیرون ملک تھے۔ پی سی سی ویب سائٹ سے بھی ان کانام ہٹا دیا گیاہے۔
اس وقت کمرشل کے معاملات براہ راست چیئرمین رمیز راجا دیکھ رہے ہیں۔ پی ایس ایل سے قبل کئی نئی کمرشل ڈیل پر دستخط ہونے والے ہیں۔ نئے ڈائریکٹر کے لئے پی سی بی کو عہدے کا اشتہار دینا ہوگا۔