کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کےمرکزی سیکریٹری جنرل اور سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن سمیت اہم اداروں میں تعیناتیوں کو وزیر اعظم نے مذاق بنا دیا ہے، وزیر اعظم نے مدَر آف این آر او خود سمیت سب کو دیا ہے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے نارووال شکر گڑھ کی رانا برادری کی دعوت پر ماڑی پور میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک زائچوں اور جنتریوں سے نہیں چلتے،پتہ نہیں وزیراعظم کہاں سے مشورے لیتے ہیں جن کے ذریعہ ملک تباہ کیا جا رہا ہے،کراچی کا پہلا ماس ٹرانزٹ منصوبہ گرین لائن بس سروس جسے 30 سال پہلے بن جانا چاہیے تھا وہ مسلم لیگ ن کی جانب سے کراچی والوں کو تحفہ ہوگا۔خورشید شاہ سمیت اپوزیشن کے تمام ارکان نیب مقدمات میں سرخروہوکرنکلے ہیں،اب احتساب کی باری اپوزیشن نہیں حکومت کی ہے۔علاوہ ازیں احسن اقبال نے کراچی میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کی رہائشگاہ پر جاکر انہیں رہائی پرمبارکباد پیش کی۔