کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر)ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف افغانستان کی کارکردگی پر شائقین کرکٹ حیران ہیں اورسوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کرتے رہے۔ٹوئیٹر پر فکسڈ اور فکسنگ ٹاپ ٹرینڈ کرتا رہا۔
افغانستان کی میچ میں بولنگ چلی اور نہ بیٹنگ مزاحمت کرسکی۔پاکستانی شائقین شدید غصے میں بھڑاس نکالتے رہے۔
کرکٹرز،سیاست دان اور عام لوگ بھارت کی جیت کو افغانستان کے کھلاڑیوں کی مرہون منت قرار دیتے رہے۔
سوشل میڈیا پر یہ بحث جاری ہے کہ کیا افغانستان کے کھلاڑیوں نے کروڑوں روپے کے آئی پی ایل معاہدوں کی تجدید کے لئے بھارت کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ میں نے دوپہر میں کہہ دیا تھا کہ افغانستان ،بھارت کو میچ پیش کر سکتا ہے نتیجہ حیران کن ہے ۔
لگ رہا ہے کہ 2019کے ورلڈ کپ میں پاکستان کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کے لئے بھارت ایک میچ جان بوجھ کر ہار گیا تھا اب بھی بھارت سیمی فائنل میں جانے کے لئے تجوریوں کے منہ کھول دے گا۔اس میچ میں افغانستان اپنے پوٹینشل کے مطابق نہیں کھیلا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔پورے میچ میں افغانستان کسی موقع پر فائٹ کرتا ہوا دکھائی نہیں دیا جو حیران کن ہے۔وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ افغانستان ٹیم کا پہلے بیٹگ نہ کرنے کا فیصلہ سمجھ سے باہر ہے۔
پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی دیوان سچل کا کہنا ہے کہ بھارت افغاتستان کے میچ میں جو ہورہا تھا،نظر آرہاتھا۔
افغانستان گلی ٹیم کی طرح بولنگ کررہی تھی۔، وہ کیچز ڈراپ ہورہے جو میرا نواسا پکڑ لے، شائد آئی پی ایل نیلامی وجہ ہوگی؟
گلوکارہ مومنہ مستحسن بھی افغانستان کی کارکردگی پر حیران تھیں۔انہوں نے لکھا افغانستان نے جو کھیل پچھلے میچز میں دکھایا وہ آج نظر نہیں آیا۔
ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں اتوار کو ابوظبی میں افغانستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کے بعد فیصلہ ہوگا کہ گروپ ٹو سے پاکستان کے بعدکونسی دوسری ٹیم سیمی فائنل کوالی فائی کرتی ہے،سیمی فائنل میں جانے کے لئے اور بھارت کو آوٹ کرنے کے لئےنیوزی لینڈ کو اپنے دونوں میچ جیتنا ہوں گے۔