• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم عمران خان سے مسلم ممالک کے سفیروں کی ملاقات


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیرِ اعظم عمران خان سے مسلم ممالک کے سفیروں نے ملاقات کی ہے جس کے دوران رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام پر بات چیت ہوئی۔

اس حوالے سے جاری کیئے گئے اعلامیئے کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران مسلم ممالک کے سفیروں کے سامنے رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کے تصور اور وژن کا خاکہ پیش کیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے ریاستِ مدینہ کے بنیادی اصولوں بشمول عدل پر عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نبیٔ کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم پوری انسانیت کے لیے رحمت ہیں، مسلمان رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی زندگی اور تعلیمات پوری طرح سمجھیں اور ان کی تقلید کریں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اسکولوں میں اخلاقیات کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلم نوجوانوں کی کردار سازی اصولوں اور اسلام کی حقیقی روح کے مطابق ہونی چاہیئے۔

اعلامیئے کے مطابق مسلم ممالک کے سفیروں نے وزیرِ اعظم کے اقدام کو سراہا، اپنا نقطۂ نظر بھی پیش کیا اور عالمی فورم پر امتِ مسلمہ کے مقاصد کے لیے عمران خان کی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کی کردار سازی کے لیے اسکولوں میں اخلاقیات کی تعلیم کو فروغ دیں گے، نوجوان نسل کی تربیت کے لیے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور سماجی بہبود کے لیے مسلمان نبیٔ کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کریں۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کا مقصد نوجوان نسل میں اسلامی تشخص اور سنت کو روشناس کرانا ہے۔

اسلامی ممالک کے سفیروں سے گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی اسلامو فوبیا کے خلاف دنیا بھر کے اسکالرز کے ساتھ مل کر مربوط حکمتِ عملی بنائے گی۔

تازہ ترین