کراچی (عبدالماجد بھٹی/اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سرد موسم کی وجہ سےتمام میچ کراچی میں ہوں گے۔ نیوزی لینڈ ٹیم سیریز کھیلے بغیرلوٹ گئی تھی اس لئے ویسٹ انڈیز کا آنا پاکستان کرکٹ کیلئے بڑی خبر ہے۔ جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نو دسمبر کو تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے آئیگی۔ ٹی 20انٹرنیشنلز 13،14،16جبکہ ون ڈے میچز 18،20،22دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کا کہنا ہے کہ ستمبر اکتوبر میں نیوزی لینڈ کی ہوم سیریز کی منسوخی کے بعد اب دسمبر میں ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان ملک میں موجود شائقین کو سنسنی خیز اور پرجوش کرکٹ مقابلے دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔ امید ہے کہ این سی او سی سیریز کے لیے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے گی۔ اپریل 2018کے بعد یہ ویسٹ انڈیز کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ ویسٹ انڈیز نے آخری مرتبہ 2006میں پاکستان کی سرزمین پر ون ڈے سیریز کھیلی تھی۔ مہمان ٹیم 23 دسمبر کو وطن واپس روانہ ہوگی۔ دریں اثنا امکانات ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے نئے کوچز کا تقرر نئے سال کے موقع پر کیا جائے گا۔ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی سیریز میں پاکستان عبوری سیٹ اپ سے کام چلائے گا۔ ثقلین مشتاق کے ساتھ غیر ملکیوں کو بھی ٹیم میں رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ رمیز راجا ٹیم انتظامیہ کو خود ہی حتمی شکل دیں گے۔ پاکستان سپر لیگ کے وقت پی سی بی اس پوزیشن میں ہوگا کہ نئے کوچز کی تقرری کا پراسس شروع کرے جس کے دوران مستقل بنیادوں پر نئے ہیڈ کوچ، بولنگ اور بیٹنگ کوچ کا تقرر کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچز کا تقرر چیئرمین رمیز راجا کا استحقا ق ہے اور وہی کوچز سے براہ راست بات چیت کررہے ہیں۔ پی سی بی کوششوں میں مصروف ہے کہ میتھیو ہیڈن اور ورنن فلینڈر ہی بنگلہ دیش میں پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کریں۔ جبکہ ثقلین مشتاق اور دیگر کوچز ہی ورلڈ کپ کے بعد بنگلہ دیش جائیں گے۔ پی سی بی چند دنوں میں بنگلہ دیش کے دورے کے لئے ٹیم اور ٹیم انتظامیہ کا اعلان کرے گی۔6ستمبر کو مصباح الحق اور وقار یونس کے مستعفی ہونے کے بعد اب تک نئے کوچز کی تقرری کے لیے اشتہار تک جاری نہیں ہوسکا۔ چیئرمین رمیز راجا نے اپنی پہلی کانفرنس میں ٹیم کے ساتھ غیر ملکی کوچز کی تعیناتی کا عندیہ ضرور دیا تھا جس کے بعد وقت کی کمی کو جواز بنا کر ورلڈکپ تک میتھوہیڈن کو بیٹنگ کنسلٹنٹ اور ورنن فیلنڈر کو بولنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داری سونپی گئی۔ پاکستانی ٹیم کو ورلڈکپ کے فوری بعد 15نومبر کو بنگلہ دیش روانہ ہونا ہے ۔ ویسٹ انڈیز کی سیریز کے بعد اور پی ایس ایل کے دوران نئے کوچز کا اشتہار دیا جائے گا اور انٹر ویو کئے جائیں گے۔ امکان ہے کہ آسٹریلیا کی سیریز سے قبل نئے کوچز باضابطہ ذمے داریاں سنبھالیں گے۔