• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئیکونک سیریل ”خدا اور محبت“ کا آج یادگار اختتام

کراچی (جنگ نیوز) انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں مقبولیت کے کئی ناقابل تسخیر ریکارڈ قائم کرنے والا ”جیو ٹی وی“ کا شاہکار سیریل ”خدا اور محبت“ عوام کی انگنت محبتیں سمیٹ کر اب اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ عشق اور محبت کی لازوال داستان پر مشتمل اِس ڈرامے کی آخری قسط پاکستان کے نمبرون انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ پر جمعہ کی رات 8 بجے نشر کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق دُنیائے انٹرٹینمنٹ میں پاکستانی ڈراموں کی تاریخ میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ رقم کرنے والی ڈرامہ سیریل ”خدا اور محبت“ اپنے اختتام پر آن پہنچی ہے۔ ہاشم ندیم کے قلم کے اس شاہکار نے ”جیوٹی وی“ کی اسکرین پر مسلسل سحر طاری کئے رکھا۔ کامیابی کے کئی سنگ میل عبور کرکے شائقین کے دِلوں کو فتح کرنے والی ڈرامہ سیریل نے ناصرف ملکی بلکہ بین الاقوامی پذیرائی اور محبتوں کو سمیٹا۔ ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل میڈیا پر بھی اس ڈرامے نے خوب دھوم مچائی۔3/ستمبر کو الیکٹرانک میڈیا پر ڈرامے کی ٹی آر پی ایس 13.6ریکارڈ کی گئی جو اس ڈرامے کی مقبولیت کی چھوٹی سی جھلک ہے۔ ڈرامے کے اختتام کے حوالے سے آخری قسط کی پروموشن میں ناظرین کی رائے لی گئی اور اس میں ”خدا اور محبت“ کے چاہنے والوں کی بھر پور شرکت ایک دِل رُبا اختتام دیکھنے کی چاہت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ سب کچھ رات8 بجے سامنے آجائے گا۔مقبولیت کی نئی بلندیوں پر پہنچنے والے ڈرامے کے پروڈیوسراور ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بانی عبداللہ کادوانی نے اس سیریل کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ”خدا اور محبت“ کورونا وبا کے دوران عکس بند کیا گیا تھا جو ہمارے لئے انتہائی مشکل کام تھا۔ اس سیریل کے ڈیجیٹیل میڈیا پر دو ارب سے زائد ویوز آنا جیو ٹیلی ویژن نیٹ ورک اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کیلئے ایک بڑا اچیومنٹ ہے۔ ”خدا اور محبت“ کو 10گھنٹے میں ایک کروڑ سے زائد لوگ دیکھتے ہیں۔

تازہ ترین