• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور وزراء جھوٹے، 60 فیصد شہری حکومتی مدد کے منتظر ہیں، شاہد خاقان


سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کا وزیراعظم اور اس کے وزراء جھوٹ بولتے ہیں، یہ صرف عوام کو دھوکا دیا جارہا ہے، یہ اس حکومت کی ناکامی ہے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہاکہ ملک میں ایسے حالات پہلے کبھی نہیں آئے،60 فیصد شہری حکومت کی مدد کےمنتظر ہیں۔

سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کے ریلیف پیکیج کے اعلان سے پہلے چینی کی قیمت 120 روپے کلو تھی اور اب 150 روپے میں دستیاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے ریلیف پیکیج کا اعلان ہوا ہے، چینی، آٹا اور گھی کی قیمت بڑھ چکی ہے، پیکیج سے پہلے 120 روپے کے درجن انڈے 180 روپے تک پہنچ گئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھاکہ ملک کے 60 فیصد شہری اپنے اخراجات پورے نہیں کرسکتے،3 روز میں عام گھر پر جس میں 6 افراد ہوں 3 ہزار روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا۔

شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ فی گھر 923 روپے دینے کا ابھی صرف وعدہ ہے، بوجھ پہلے ڈال دیا ہے، گھی کی قیمت 360 روپے، آلو 72، پیاز 62 روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں اس مسئلے کے حل کی بات ہوسکتی ہے، وہ ایوان آج مفلوج ہے، آج مہنگائی اور غربت کی بات کرنے والا کوئی نہیں ہے، یہ کام اپوزیشن کا ہے، لیکن اپوزیشن کیا بات کرے جہاں پر زبان بندی ہے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ چوروں سے ہاتھ نہیں ملاؤں گا، کابینہ کے لوگوں سے کیسے ہاتھ ملاتے ہیں، دواؤں پر ڈاکا ڈالنے والے کابینہ میں موجود ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ آپ مسلم لیگ ن کی حکومت پر کرپشن کا ایک کیس نہیں بنا سکے، اپنی چوری چھپانے کے لیے 6 دن میں 2 آرڈیننس جاری ہوئے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کو الزام لگاتے شرم نہیں آتی، الزام نہ لگائیں کارروائی کریں، یہ قانون بنایا جارہا ہے کہ حکومت جب چاہے چیئرمین نیب کو نکال دے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کے تقرر کا عمل آج رکا ہوا ہے، ملک مشکل میں ہے، ایسے حالات ہوں تو حل ڈھونڈنا پڑتا ہے، مسائل کا واحد حل یہ ہے کہ عوام کو پھر اپنی رائے کے اظہار کا موقع دیا جائے۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ملکی مسائل کا واحد حل فوری اور شفاف الیکشن میں ہے، ان حالات میں لوگ کیسے گزارا کریں گے، کسی کے پاس جواب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان مسائل کا حل 923 روپے کے جھوٹے وعدے میں نہیں، ان مسائل کا حل ملک کے روپے کو بہتر کرنے میں ہے، 40 فیصد چینی کے مالک کابینہ میں بیٹھے ہوئے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گندم کا اسکینڈل دیکھ لیں یہ وہ کرپشن ہے جو پنجاب حکومت کررہی ہے۔

تازہ ترین