ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ 2 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے آسان حریف نمیبیا کو 52 رنز سے شکست دے دی۔
نمیبیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے اسکور بورڈ پر 4 وکٹ پر 163رنز کا ٹارگٹ سجایا۔
نیوزی لینڈ کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 111 رنز ہی بناسکی۔
پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد کیوی ٹیم اس فتح کے ساتھ گروپ 2 میں دوسرے نمبر کی ٹیم بن چکی ہے، جسے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنے آخری گروپ میچ میں افغانستان کا مقابلہ کرنا ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آج کے میچ میں فتح کے ساتھ اپنا رن ریٹ بہتر کیا ہے تاہم وہ اب بھی افغانستان سے اس معاملے میں پیچھے ہے۔
نیوزی لینڈ اور افغانستان کے میچ سے ہی بھارتی ٹیم کی امیدیں جڑی ہوئی ہیں، کیوی ٹیم کی فتح کے ساتھ افغانستان اور بھارت باہر ہوجائیں گے جبکہ اس کی ہار کی صورت میں تینوں ٹیموں میں رن ریٹ کلیدی حیثیت اختیار کرجائے گا۔
ایسی صورتحال میں اس گروپ کی دوسری سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ پیر کو بھارت اور نمیبیا کے میچ تک منتقل ہوجائے گا، جہاں بھارت کو ٹاپ 4 تک پہنچنے کےلئے اپنے رن ریٹ کو بہتر کرنے کا ہدف دیا جائے گا۔