لندن (جنگ نیوز) انگلش کاؤنٹی یارکشائر میں نسلی تعصب کے معاملے پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے کاؤنٹی کو بین الاقوامی میچز کی میزبانی سے معطل کردیا۔ اس طرح لیڈز گرائونڈز میں میچز کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ نسلی تعصب کے معاملے پر ردِ عمل دیتے ہوئے ای سی بی نے کہا کہ عظیم رفیق کے معاملے پر یارکشائر کا رویہ ناقابل قبول ہے۔ اس واقعے سے کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ دوسری جانب یارکشائر کرکٹ کلب کے چیئرمین راجر ہٹن کلب کی جانب سے عظیم رفیق کے ساتھ نسلی امتیاز پر مبنی رویے کے الزامات کے خلاف خاطر خواہ اقدامات نے کرنے پر مستعفی ہوگئے ہیں۔ ان پر عہدہ چھوڑنے کیلئے شدید دباؤ تھا۔ ہٹن نے 30 سالہ رفیق سے غیر مشروط معافی بھی مانگی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کلب کو اس وقت نسلی امتیاز کے سنگین الزامات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے تھا۔