کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے پابندی ہٹانے کے لیے پنجاب حکومت کی سمری وفاقی وزارت داخلہ کو موصول ہوگئی ہے۔
وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ سے منظوری کے لیے سمری کابینہ اراکین کو بھجوادی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے لی جائے گی، سمری کل تک منظور کیے جانے کا امکان ہے۔
اس سے قبل پنجاب کابینہ کے وزراء کی مطلوبہ تعداد پابندی ہٹانے کی سفارش کرچکی تھی، سمری کے حق میں کم از کم 18 وزراء کی حمایت درکار تھی۔
وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت سے کالعدم تنظیم سے پابندی ہٹانے پر رائےطلب کی تھی، جس کے بعد وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ نے سمری کابینہ کمیٹی برائے قانون کو بھیجی۔
واضح رہے کہ تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ کالعدم کا لفظ ہٹانے کی سمری پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو ارسال کی گئی تھی، جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ابتدائی طور پر سمری منظور کرلی تھی۔