کالعدم تحریک لبیک سے پابندی ہٹانے کی منظوری کے بعد سمری وفاقی حکومت کو بھیج دی گئی، وفاقی کابینہ کالعدم تنظیم سے پابندی ہٹانے کی حتمی منظوری دے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ کے وزراء کی مطلوبہ تعداد پابندی ہٹانے کی سفارش کرچکی ہے، سمری کے حق میں کم ازکم 18 وزراء کی حمایت درکار تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت سےکالعدم تنظیم سے پابندی ہٹانے پر رائےطلب کی تھی، وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ نے سمری کابینہ کمیٹی برائے قانون کو بھیجی۔
واضح رہے کہ تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ کالعدم کا لفظ ہٹانے کی سمری پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو ارسال کی گئی تھی، جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ابتدائی طور پر سمری منظور کرلی تھی۔
محکمۂ داخلہ پنجاب کی جانب سے تحریکِ لبیک کے ساتھ کالعدم کا لفظ ہٹانے کی سمری وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کوبھیجی گئی تھی۔
دوسری جانب کالعدم ٹی ایل پی کے مزید 100 کارکنوں کو رہا کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
کالعدم ٹی ایل پی سے تعلق رکھنے والے 90 افراد کے نام فورتھ شیڈول کی فہرست سےخارج کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔