• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فردوس عاشق کا ڈسکہ الیکشن پر الیکشن کمیشن کی رپورٹ چیلنج کرنے کا اعلان


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چند نام نہاد ذاتی بغض میں مبتلا افراد الیکشن کمیشن کی رپورٹ پڑھے بغیر فرضی کہانیاں بیان کررہے ہيں، جس سے ان کی سیاسی اور ذاتی شہرت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’’نیاپاکستان‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر آفس میں جس میٹنگ کا تذکرہ کیا گیا وہ حقائق کے برعکس ہے، رپورٹ کو ہائی لائٹ کرنے اور اس میں رنگ بھرنے کےلیے ایک سطر میں ان کا نام لکھا گیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رپورٹ سے متعلق سرکاری بیان حکومت پنجاب دے گی۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اے سی آفس میں صرف میری موجودگی کا لکھا گیا ہے، رپورٹ میں کہاں لکھا ہے کہ الیکشن کو میں نے مس کنڈکٹ کیا، اے سی آفس میں کوئی میٹنگ نہیں ہوئی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میری ذات سے متعلق رپورٹ میں غلط باتیں شامل کی گئی ہیں، میں ڈسکہ الیکشن کی تحقیقاتی رپورٹ کو چیلنج کروں گی، پارٹی کی مہم کی ذمہ داری مجھے نہیں دیگر افراد کو دی گئی تھی۔

پروگرام کے میزبان شہزاد اقبال نے فردوس عاشق سے سوال کیا کہ کیا آپ اے سی ہاؤس یا ویمن ڈگری کالج کی ان میٹنگز کا حصہ تھیں جہاں یہ ہدایات دی گئیں، جس پر فردوس عاشق اعوان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بالکل نہیں، بالکل نہیں۔

تازہ ترین