• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی ایک ہمہ جہتی بحران ہے کیوں کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ صرف عوام کی جیبوں پر ہی گراں نہیں گزرتا بلکہ بہت سے سفید پوش خاندانوں کیلئے اپنی سفید پوشی کا بھرم برقرار رکھنا بھی ممکن نہیں رہتا، یوں یہ ایک ایسابحران ہے جو معاشرتی ساخت کیلئے کسی طور پر مفید نہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ مہنگائی پر قابو پانے کے محض دعوے کرنے کی بجائے عملی اقدامات کرے۔ وزیراعظم عمران خان کا عوام سے خطاب خوش آئند تھا مگر اس حقیقت سے نظریں نہیں چرائی جا سکتیں کہ جمعرات اور جمعۃ المبارک کی درمیانی رات پیٹرول کے نرخوں میں اچانک اضافہ کر دیا گیا جس سے عوام کو حقیقی ریلیف ملنے کے امکانات یکسر معدوم ہو گئے ہیں۔ امید ہے کہ حکومت کے اکنامک منیجرز اس حوالے سے واضح حکمتِ عملی تشکیل دیں گے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جاسکے جب کہ پیٹرولیم مصنوعات میں گزشتہ دو ماہ میں 30روپے کے لگ بھگ اضافہ بھی پریشان کن ہے، کیوں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے گرانی کی نئی اور شدید ترین لہر پیدا ہونے کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ گئے ہیں۔ امید ہے کہ حکومت عوام کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے اس حوالے سے فی الفور اقدامات کرے گی تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف پہنچایا جاسکے۔ (اقصیٰ ناصر علی)

تازہ ترین